مری میں افسوسناک واقعہ، ماں پر 2 ماہ کے بچے کو برساتی نالے میں پھینکنے کا الزام
مری: یونین کونسل مسیاڑی کے گاؤں گوہڑہ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں دو ماہ کے بچے کی لاش برساتی نالے سے برآمد ہوئی ہے، جبکہ پولیس نے بچے کی والدہ پر اسے نالے میں پھینکنے کا الزام عائد کرتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
ڈی پی او مری کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور کارروائی کرتے ہوئے بچے کی لاش برساتی نالے سے نکال لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ بچے کے والدین کو حراست میں لے کر تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے دوران بچے کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ اس کے پہلے ہی چھ بچے ہیں اور وہ مزید بچے کی پرورش نہیں کرسکتی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
واقعے نے علاقے میں شدید افسوس اور تشویش کی فضا پیدا کردی ہے۔ تاہم مقدمے کی حتمی ذمہ داری اور واقعے کے مکمل حالات کا تعین پولیس تحقیقات اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔